کراچی،9؍اپریل (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز کو بطور صدر جوائن کر لیا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے گذشتہ دو ایڈیشنز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی نے گذشتہ دنوں فرنچائز سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم شاہد آفریدی کے کراچی کنگز کا حصہ بننے پر بہت خوش ہیں۔یاد رہے کہ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر پشاور زلمی سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کی ٹیم کے لیے ان کی نیکتمنائیں ہیں اور جہاں تک پشاور میں ان کے مداحوں کا تعلق ہے تووہ جانتے ہیں کہ وہ جہاں بھی جائیں گے مداح ان کا ساتھ دیں گے۔یاد رہے کہ پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ 2017 کی چیمپیئن ٹیم ہے۔پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں پشاور کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈیئٹرز سے ہوا تھا تاہم شاہدآفریدی زخمی ہونے کی وجہ سے فائنل کھیل نہیں سکے تھے۔شاہد آفریدی نے 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے ٹونامنٹ میں پشاورزلمی کی کپتانی کی تھی تاہم اس سال زلمی ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کی قیادت میں کھیلی۔یاد رہے کہ شاہدآفریدی پاکستان کی جانب سے 27 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں جن میں انھوں نے 36.51 رنز کی اوسط سے1716رنزبنائے ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے ٹیسٹ میچوں میں 48 وکٹیں بھی لے رکھی ہیں۔ایک روزہ میچوں میں شاہد آفریدی نے پاکستان کی 398 مرتبہ نمائندگی کی جن میں انھوں نے 23.57 رنز کی اوسط سے 8064 رنز بنائے اورکل395 وکٹیں لیں۔